بی جے پی کشمیریوں کو انکے جائز حقوق سے محروم کرنے پر تلی ہوئی ہے، قرہ
جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے ریاستی درجے کی بحالی میں لیت ولعل سے کام لینے پر بی جے پی کی بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حیثیت کی بحالی علاقے کے لوگوں کا جائز حق ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انڈین نیشنل کانگریس مقبوضہ جموںوکشمیر شاخ کے صدر طارق حمید کرہ نے جموں خطے کے ضلع ریاسی میں ایک ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر بی جے پی نے اپنی ناروا پالیسی ترک نہ کی تو کانگریس احتجاج کے لیے سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہو گی۔
کرہ نے بی جے پی کی تقسیم کی سیاست کے بارے میں لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ زعفرانی پارٹی عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے جان بوجھ کر فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بے روزگاری، مہنگائی جیسے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے بے شرمی سے لوگوں کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوںنے اس موقع پر لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے لیے جاری جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔