مقبوضہ جموں وکشمیر: ہزاروں بنک ملازمین کے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرے
جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ہزاروں بینک ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آل انڈیا بینک آفیسرز کنفیڈریشن کے صدر وشال ورما اور سیکرٹری راجیش مہتا نے جموں میں احتجاج کی قیادت کی۔ یہ احتجاج یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز کے بینر تلے کیا گیا۔
مظاہرین کئی اہم مطالبات کر رہے ہیں جن کا مقصد کسٹمر سروس اور ملازمین کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا ہے۔مظاہرین نے تمام کیڈرز میں مستقل بھرتی کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط افرادی قوت نہ صرف بہتر کسٹمر سروس کو یقینی بناتی ہے بلکہ موجودہ عملے پر کام کے دباو کو بھی کم کرتی ہے۔
انہوںنے تبادلوں اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے منصفانہ اور شفاف پالیسیوں کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ مزید نجکاری کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو وہ آنے والے ہفتوں میں اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔ مقبوضہ علاقے کے دیگر مقامات پر بھی بنک ملازمین نے اپنے مطالبات پر زور دینے کیلئے اسی طرح کے مظاہرے کیے۔