مقبوضہ جموں و کشمیر

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کا اپنے بنیادی اصولوں اور نظریے کے تئیں اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی نے اپنے بنیادی اصولوں اور نظریے کے تئیں اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکا بی جے پی کی کسی بھی حمایت یافتہ جماعت یا فرد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وہ بنیادی طور پر ایسی طاقتوں کے ساتھ صف بندی کے خلاف ہے جو عوام کی امنگوں اور اقدار کی عکاسی نہ کرتی ہوں۔جماعت اسلامی کے ترجمان پیر نصیب الدین شاہ نے بی جے پی کے نام نہاد پینل یا اس سے منسلک کسی جماعت کی سرگرمیوں، فیصلوں یا سیاسی عزائم میں براہ راست یا بالواسطہ ملوث ہونے کی تردید کی۔ تنظیم نے واضح کیا کہ بعض عناصر جماعت اسلامی کو اپنی سرگرمیوں سے جوڑ کر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیان میں پلوامہ کی رہائشی شمیمہ جی کے کردار کی طرف بھی عوام کی توجہ مبذول کرائی گئی، جن کے بارے میں جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے لیے کام کر رہی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کیلئے تفرقہ انگیز کردار ادا کر رہی ہے۔
تنظیم نے ایسے عناصر کے خلاف انتباہ کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ فریب کاری کے ہتھکنڈوں سے چوکس رہیں جن کا مقصد اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
جماعت اسلامی نے اسلامی اصولوں، انصاف اور معاشرتی ترقی کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مشن کسی بھی بیرونی اثر و رسوخ سے قطعی طور پر آزاد ہے۔تنظیم نے مزید کہا کہ وہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے پرامن اور قانونی طریقوں پر یقین رکھتی ہے لیکن اس پر عائد پابندی کی وجہ سے اس نے تمام سرگرمیاں روک دی ہیں۔
بیان میں امیر ڈاکٹر حمید فیاض اور پولیٹیکل بیورو چیف ایڈووکیٹ زاہد علی لون سمیت اپنی قیادت کی حالت زار پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، جو کئی سالوں سے قید ہیں۔
جماعت اسلامی نے اپنے رہنماو¿ں کی مسلسل نظربندی کی مذمت کی اور چیلنجوں کے باوجود اپنے اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔تنظیم نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ غلط معلومات پر مبنی مہمات کو مسترد کریں ۔ یاد رہے کہ بھارت نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کو ایک ممنوعہ جماعت قرار دے رکھا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button