برطانیہ میں فلم ”سیفرون کنگڈم ”کی خصوصی نمائش
فلم میں کشمیریوں کے مصائب کواجاگرکیاگیاہے

لندن:انگریزی زبان کی کشمیر پر مبنی فلم”سیفرون کنگڈم”کی خصوصی نمائش برطانیہ کے شہر لیوٹن میں منعقد ہوئی۔ شرکا نے فلم کوبھارت کے فوجی تسلط کے تحت کشمیری عوام کودرپیش مصائب اور انسانی المیوں کی موثر عکاسی قرار دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تقریب میں لارڈ قربان حسین ، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی ، سابق میئرز، کونسلرز، کمیونٹی رہنمائوں اور کشمیری تارکین وطن نے شرکت کی۔شرکا نے اس موقع پر کہا کہ فلم میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال، جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے کشمیری خاندانوں کے مسائل اورجنم لینے والے انسانی المیوں کو موثر طورپر بے نقاب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ فلم میں کشمیریوں کے قتل عام، جبری گمشدگیوں اور تاریخی واقعات، بشمول سانحہ گائوکدل کی عکاسی بھی کی گئی ہے اور تنازعہ کشمیر کے انسانی پہلو ئوکو اجاگر کیا گیا ہے۔شرکاء نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی حالت زار کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ڈیفوڈل اسٹوڈیو کی طرف سے عرفات شیخ کی ہدایت کاری میں بننے میں اس فلم کا مقصد سینما کے ذیرے مسئلہ کشمیر کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر آگاہی پیدا کرنا اور نوجوان نسلوں کو قبضے کے تحت زندگی کے حقائق سے آگاہ کرناہے ۔تقریب کے شرکا نے کہا کہ فلمیں اور دستاویزی منصوبے عالمی رائے عامہ تک متاثرہ علاقوں کی صورتحال پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔








