بنگلورو: امتحانی مراکز میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی غیر قانونی ہے ،کرناٹک اقلیتی فیڈریشن
بنگلورو: بھارتی ریاست کرناٹک میں ریاستی اقلیتی تعلیمی اداروں کی انتظامی فیڈریشن نے ریاستی حکومت کو با حجاب مسلم طالبات کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے سے روکنے پر سخت کارروائی کے بارے میں خبردار کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فیڈریشن کے صدر ایڈوکیٹ سی آر محمد امتیاز نے ایک پریس کانفرنس میں زور دیا کہ کرناٹک ہائی کورٹ نے پہلے ہی حکومتی سرکلر کو منسوخ کر دیا ہے جس میں امتحانی مراکز میں حجاب پہننے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ کرناٹک ہائی کورٹ کا فیصلہ واضح ہے۔ امتحانی مراکز میں حجاب پر پابندی کا سرکاری حکمنامہ معطل کردیاہے۔محمدامتیاز نے وزیر تعلیم مدھو بنگارپا کے حجاب سے متعلق حالیہ بیان کو غیر قانونی قراردیا۔انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم نامے کے بعد ریاستی حکومت کو اس معاملے پر مزید کوئی فیصلہ کرنے کاحق حاصل نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ "عدالت اپنا فیصلہ پہلے ہی دے چکی ہے، اور عدالت کی طرف سے مسلم طالبات کو دی گئی اجازت برقرار ہے۔امتیاز نے وزیر تعلیم پر زور دیا کہ وہ امتحانی حکام اور مرکزی عہدیداروں کو ہدایت جاری کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اقلیتی اداروں کی مسلم طالبات کو حجاب پہن کر امتحان دینے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے عدالتی حکم کی تعمیل نہ کی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔