مقبوضہ جموں وکشمیر : ضلع شوپیاں کے سینکڑوں رہائشیوں کو پانی کی عدم دستیابی کا سامنا
سری نگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جمو ں وکشمیر میں ضلع شوپیاں میں سینکڑوں گھرانوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کے کتھاوالان، موجھ پاتھری ، گٹی پورہ اور دیگر علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا کہ وہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔رہائشیوں نے کہا کہ وہ میلوں دور سے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔گاٹی پورہ کے ایک رہائشی عبدالعزیز بٹ نے کہا کہ انہیں گزشتہ پانچ دنوں سے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور پانی کے حصول کیلئے انہیں صبح سویرے گھروں سے نکلنا پڑتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ لوگ شدید مسائل و مشکلات کا شکار ہیں۔ لوگوں کا کہنا کہ علاقے کو پانی فراہم کرنے والی پائپ لائن پھٹ گئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ اسکی مرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک میں ہمارے لیے دور سے پانی لانا مزید مشکل ہوجائے گا لہذا حکام کو چاہیے کہ وہ مسئلے کے حل کے لیے فوری کارروائی کریں۔







