آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وزیراعظم کا سردار محمد ابراہیم خان کو انکی برسی پر شاندار خراج عقیدت
اسلام آباد:
آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اوروزیراعظم چوہدری انوار الحق نے آزادریاست کے بانی صدر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کو انکی 22ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بیرسٹر سلطان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سردار محمد ابراہیم خان کی کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد اورگرانقدر عوامی خدمات کوہمیشہ یادرکھاجائیگا۔انہوں نے سردار محمد ابراہیم کو ایک متحرک اور صاحب بصیرت سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم رہنما نے نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کی قیادت کی بلکہ اقوام متحدہ میں کشمیر کاز کی موثر نمائندگی بھی کی۔سرادار محمد ابراہیم کے ساتھ اپنی ذاتی وابستگی کاذکرکرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدرنے کہا کہ انہیں پانچ سال تک ان کی رہنمائی میں کام کرنے کا موقع ملا ۔انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر ہر فورم پر حمایت جاری رکھنے اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی فورمز پر بے نقاب کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے ا پنے پیغام میں کہا کہ غازی ملت کا مشن کشمیری مسلمانوں کو ڈوگرہ راج سے آزاد کرانا اور عوام کی امنگوں کے مطابق خطے کو پاکستان کے ساتھ الحاق ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم رہنماء کا مشن آج بھی زندہ ہے اور کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی تکمیل تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ سردار ابراہیم خان نے کبھی اپنی اقدار پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی شخصیت کشمیر کی تحریک آزادی کا ایک لازم و ملزوم حصہ ہے۔19جولائی 1947کے تاریخی واقعے کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب مسلمانوں کو سرینگر میں اکٹھے ہونے کی بھی اجازت نہیں تھی، توسردار ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی گئی ۔ چوہدری انوار الحق نے مزید کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کے عوام غیر متزلزل عزم کے ساتھ بھارتی جبر کا مقابلہ کرتے ہوئے اس وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا ۔





