میر واعظ کی عیدالفطر کی مبارکباد
سرینگر :
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے عید الفطر کے پ±ر مسرت موقع پر جموں و کشمیر کے عوام اور پوری ا±متِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے کہا کہ عید خوشی، شکرگزاری اور غور و فکر کا ذریعہ ہے، ہمیں اپنے رب سے تعلق کو مزید مضبوط کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی، محبت اور خیرسگالی کا برتاو کرنا چاہیے، خاص طور پر ان لوگوں کے ساتھ جو ضرورت مند ہیں۔
میرواعظ نے کہا کہ وہ اللہ تبارک و تعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ ہم سب کے روزے، عبادات اور نیک اعمال کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ عید ہمیں بھائی چارے، اتحاد اور خدمتِ انسانیت کے عظیم پیغام کی یاد دہانی بھی کراتی ہے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد اور سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے بھی اسلام آباد میں ایک مشترکہ بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔حریت آزاد کشمیر شاخ کے رہنما محمد فاروق رحمانی ، محمود احمد ساغر ، میر طاہر مسعود، الطاف حسین وانی ، شیخ عبدالمتین ، حسن بنا اور دیگر نے بھی اپنے بیانات میں پوری امت مسلمہ بالخصوس بھارت اور اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کا شکار کشمیریوں اور فلسطینیوںکو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے ۔