بھارت :اترپردیش میں”آئی لو محمدۖ”مہم پر مسلمانوں کی گرفتاریوں کے خلاف جالندھر میں احتجاجی مظاہرہ

جالندھر: بھارتی ریاست پنجاب کے شہرجالندھر میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب اتر پردیش کے شہر بریلی میں میں”آئی لو محمدۖ”مہم کے سلسلے میں علمائے کرام اور دیگرلوگوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر ہندوانتہاپسندوں نے حملہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک کمیونٹی کے افرادایک مقامی تنظیم کے بینر تلے جمع ہوئے، شہر میں مارچ کیا اور بعد میں پولیس کمشنر کے دفتر کے باہر جمع ہو کر اتر پردیش پولیس کی جانب سے کی گئی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا۔ مظاہرین نے گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مہم کو پرامن قرار دیا جس کا مقصد حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے اظہار محبت و عقیدت کرناہے۔ پولیس کے مطابق مقامی ہندئوں کے ایک گروہ نے جوابی احتجاج کیا جس کی وجہ سے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنی پڑی تاکہ مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔جالندھرمیں کینٹ کے کانگریس کے رکن اسمبلی پرگت سنگھ نے لوگوں سے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔جالندھر میں دیر شام تک حالات قابو میں رہے، پولیس حساس علاقوں میں گشت کر رہی تھی اور لوگوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کر رہی تھی۔





