مقبوضہ کشمیر :حکومت مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ میں مکمل ناکام رہی ہے ، آغا حسن الموسوی
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مسلمانوں مفادات کے تحفظ اور ان کی وکالت میں کشمیر حکومت کی جانب سے مسلسل ناکامی پرسخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا حسن الموسوی نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری مسلمانوں کیلئے یہ ناقابل قبول ہے کہ حکمران ان کے مفادات کے تحفظ اور حقوق کیلئے آواز بلند کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں ۔ انتخابات کے بعد نیشنل کانفرنس کی حکومت کے حالیہ اقدامات سے ایک پریشان کن رجحان ظاہر ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ این سی حکومت دفعہ370کی بحالی، ریزرویشن پالیسی ،وقف ترمیمی بل کی مخالفت اور دیگر مسائل پر کشمیریوں کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے وقف ترمیمی بل پر ایوان میں بحث نہ کرانے پر کشمیر اسمبلی کے اسپیکر پر کڑی تنقید کی ۔ آغا حسن نے کہا کہ یہ انتہائی مایوسی کن بات ہے کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ تاریخ این سی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں شراب خانے کھولنے اور وقف ترمیمی بل جیسے تفرقہ انگیز مسائل پر مودی حکومت کا ساتھ دینے پر انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی ۔