جموں وکشمیر کے بارے میں قراردادوں پر عملدرآمد اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے: حریت کانفرنس

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ علاقے کی بدترین صورتحال پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی خاموشی سے مظلوم کشمیری عوام پر مظالم ڈھانے اور ریاستی دہشت گردی جاری رکھنے کے لئے بھارت کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں اپنے روڈ میپ پر عمل درآمد کرے تاکہ اسے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پر کشمیریوں کو ان ہی کی سرزمین پر نشانہ بنا رہا ہے جبکہ متنازعہ علاقے میں بھارتی فورسز اور ایجنسیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، گھروں پر چھاپے،بلاجواز گرفتاریاں اور بے گناہ لوگوں کو ہراساں کرنا ایک معمول بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں تباہی پھیلانے کے باوجود بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیری عوام نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے آزادی کی شمع کوروشن رکھا ہے۔ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی آنکھیں کھولے اوردیکھے کہ محصور کشمیریوں کو بھارتی قبضے میں کس طرح کی سنگین صورتحال کاسامنا ہے اور بھارت کو مجبور کرے کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں کا احترام کرے اور انہیں بغیر کسی تاخیر کے ان کا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت دے۔








