بھارت : وقف ترمیمی بل کے خلاف جھارکھنڈ میں احتجاجی مظاہرہ
رانچی: بھارتی حکومت کی طرف سے منظورکئے گئے وقف ترمیمی بل کے خلاف آج ریاست جھارکھنڈ میں اقلیتی حقوق فورم کی قیادت میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع گھڑوا میںمسلم کمیونٹی کے ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور پرامن جلوس نکال کر بھارتی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس دوران سابق وزیر متھلیش ٹھاکر بھی مظاہرین کے ساتھ موجود تھے۔مظاہرین نے ماجھیاں موڑ سے ٹائون ہال گرانڈ تک مارچ کیاجہاں ایک جلسہ عام منعقد کیاگیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ بھارتی حکومت اقلیتوں کے مذہبی اور تاریخی حقوق سلب کررہی ہے ۔سابق وزیر متھلیش ٹھاکر نے کہاکہ مسلمانوںکو وقف املاک پر آئینی حقوق حاصل ہیں۔ اس بل کے ذریعے حکومت آئین کے اصولوں کو تباہ کر رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بل واپس نہ لیا گیا تو تحریک ملک گیر شکل اختیار کر ے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ صرف وقف املاک کا معاملہ نہیں بلکہ بھارتی حکومت آہستہ آہستہ ہر مذہب کی خود مختاری کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اورہمیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔