مقبوضہ جموں و کشمیر

آرمی چیف نے کشمیر بارے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد:
آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے کشمیر کے بارے میں پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم نے مظفر آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ جنرل سید عاصم منیر نے کشمیر کے بارے میں پاکستان کے عزم کو دوہرایا ہے کہ ہم بھارتی فوج کے خلاف کشمیری عوام کی تحریک آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ نے اس سے قبل آزادکشمیر کے دورے کے دوران بھی اعلان کیا تھا کہ کشمیر پر بھارت سے تین جنگیں لڑ چکے ہیں اور مزید لڑنے کیلئے بھی تیار ہیں ، جس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر پاکستان کی مسلح افواج کشمیریوں کی حفاظت کیلئے موجود ہے اور دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔چوہدری انوار الحق نے کہا کہ کشمیریوں نے 19جولائی 1947کو پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی، جس پر وہ آج بھی قائم ہیں اور ہماری آنے والی نسلیں بھی اس پر قائم رہیں گی ۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے درست طورپرکہا ہے کہ 14لاکھ بھارتی فوج کی جرآت نہیں کہ وہ پاک فوج کے ہوتے ہوئے ملک خدادادپاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حمایت سے خطے میں بھارت کی بالادستی کا خواب کوچکنا چور کردیگی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button