کیرالہ : متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ
نئی دلی:
بھارتی ریاست کیرالہ کے ساحلی شہر کوذی کوڈ میں مودی حکومت کی طرف سے منظورکئے گئے متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف ہزاروں لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انڈین یونین مسلم لیگ کے زیر اہتمام مظاہرے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر متنازعہ ایکٹ کی مذمت کی گئی تھی۔مظاہرین کاکہناتھا کہ متنازعہ قانون سے مسلمانوں کے آئینی حقوق مجروح ہوئے ہیں ۔انڈین یونین مسلم لیگ کے ریاستی صدر سید صادق علی شہاب نے متنازعہ قانون پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بھارتی سپریم کورٹ اس متنازعہ قانون کو غیر آئینی قراردے گی ۔ مظاہرے میں ریاست کرناٹک کے وزیر کرشنا بائرے گوڈا اور تلنگانہ کے وزیر دانساری انسویاسمیت کانگریسی کے متعددرہنمائوں کے علاوہ بھارتی ارکان پارلیمنٹ ای ٹی محمد بشیر، پی وی عبدالوہاب اور ایم پی عبدالصمد صمدانی نے شرکت کی ۔اس موقع پر انڈین یونین مسلم لیگ کے مرکزی صدرکے ایم قادر موہدین نے بھی خطاب کیا۔