APHC-AJK

بھارت میں کشمیری طلبا اور تاجروں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں :فاروق رحمانی

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سینئر رہنما اورجموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے بھارت میں زیر تعلیم کشمیری نوجوانوں اورکشمیری تاجروں کی زندگیوں کولاحق خطرات اور انہیں درپیش شدید مشکلات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں پہلگام حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیاکہ مقبوضہ علاقے میں ہزاروں کی تعداد میں کشمیری نوجوانوں، طلبا یا سیاسی کارکنوں کی اندھا دھند گرفتاریوں اور جھوٹے مقدمات کے اندراج یا ماورائے عدالت قتل سے پہلگام حملے کی تحقیقات میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارتی پولیس، فوج اور پیراملٹری اہلکار واقعے کے ملزمان کی تلاش میں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور انہوں نے ضلع اسلام آباد اور جموں و کشمیر کے دیگر حصوں میں ہزاروں کشمیریوں اور سیاسی کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ 22اپریل کے سانحہ کی منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے بجائے بھارتی ایجنسیاں اور نام نہاد قانون نافذ کرنے والے ادارے کشمیری مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت کااظہار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز شہریوں اور سیاسی کارکنوں کی جان اور عزت ووقار کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور گھروں پر چھاپوں اور دوران تفتیش انہیں غیرانسانی تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ ہر کشمیری اس ناخوشگوار واقعے پر صدمے کا شکار ہے اوروہ بھارتی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لیں کیونکہ بھارت پہلگام واقعے کی آڑ میں کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید اور انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنارہاہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button