مظفر آباد: پاکستان اورمسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شاندار ریلی نکالی گئی

مظفرآباد :جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام مظفرآباد میں پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی وابستگی کے اظہار اور پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے اظہارکیلئے ایک شاندارریلی نکالی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کے پرجوش نعروں سے مظفرآباد کی فضا گونج اٹھی۔ریلی کے شرکا نے متفقہ طور پر بھارت کی جانب سے پہلگام واقعہ کی آڑ میں تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کی گئی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کی، تو آزادکشمیر کے بزرگ و نوجوان پاکستانی عوام اور اپنی بہادرمسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔مقررین نے افواج پاکستان کے سربراہ جنرل سیدعاصم منیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اصولی اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کا واضح اور غیر متزلزل موقف سے کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند اور انہیں اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے لیے ایک نئی توانائی فراہم ہوئی ہے۔ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنے لازوال رشتے کو کسی بھی صورت میں کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر درحقیقت پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اور کشمیری عوام اس مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کافوری نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ریلی کے اختتام پر شرکا نے پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان اور افواج پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے۔








