پاکستان

پہلگام واقعے کی” ایف آئی آر“ نے بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈہ مزید بے نقاب کر دیا ہے، عطااللہ تارڑ

اسلام آباد۔:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے، اس نے پہلگام کا جھوٹا ڈرامہ رچایا، فالس فلیگ آپریشنوں کی شرمناک داستان سے بھارت کی عالمی سطح پر سبکی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی ایف آئی آر نے بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈے مزیدبے نقاب کر دیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ کیسا واقعہ ہے جس کی ایف آئی آر وقوعہ کے صرف 10 منٹ بعد درج کر دی گئی۔
کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق عطااللہ تارڈ نے اپنی ایک خصوصی گفتگو میں کہا کہ بھارت کسی بھول میں نہ رہے، پاکستان پرامن ملک ہے لیکن کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب دینا جانتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیانیہ کی جنگ میں پاکستان کو سبقت حاصل ہوئی ہے ، پاکستانی ٹی وی چینلز، سوشل میڈیا صارفین اور صحافیوں نے یک زبان ہو کر بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، بھارتی سینئر صحافی سوشل میڈیا پر رو رہے ہیں کہ بھارت کا بیانیہ ناکام ہو چکا ہے، پاکستان نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے بھارت کو بھرپور جواب دیا اور عملی اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں بھارت نے ایک اور غلطی کی، پہلگام واقعہ کی ایف آئی آر عجلت میں درج کی گئی، ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ ضلع اننت ناگ، پہلگام پولیس اسٹیشن، واقعہ دن ایک بجکر 50 منٹ پر شروع ہوا اور 2 بجکر 20 منٹ پر ختم ہوا اور ایف آئی آر 10 منٹ بعد 2 بجکر30 منٹ پر درج کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عقل کے اندھوں کو بھی پتہ ہے کہ اس قسم کے واقعات کی تحقیقات ہوتی ہیں، موقع کا جائزہ لیا جاتا ہے اور قانونی لوازمات پورے کئے جاتے ہیں، شواہد دیکھے جاتے ہیں، یہ کیسا واقعہ ہے جس کی ایف آئی آر وقوعہ کے10 منٹ بعد درج کر دی گئی، اس طرز کی ایف آئی آر مقامی تھانوں میں معمولی جھگڑوں پر درج کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے عجلت میں قانون کو دیکھے بغیر یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا بیان دیا، پاکستان اس پر دو ٹوک کہہ چکا ہے کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے اور پاکستان اس مسئلہ پر بھرپور طریقے سے جواب دے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت نے اب کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کا مذموم عمل تیز کر دیا ہے ۔ ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button