بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد:فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسلام آباد میں ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ پہلگام واقعے کو 7دن ہو گئے ہیں لیکن ابھی تک پاکستان پر الزامات کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے، 25 اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ دہشت گرد عبد المجید کو جہلم کے قریب سے پکڑا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ تربیت یافتہ دہشت گرد کے گھر سے بھارتی ساختہ ڈرون اور 10لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس دہشت گرد عبد المجید کا ہینڈلر بھارت کا ایک فوجی ہے اوراس ہینڈلر اور گرفتار ہونے والے دہشت گرد کی گفتگو بھی سامنے آئی ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 7دن ہوگئے ہیں، بھارت کی طرف سے صرف زبانی جمع خرچ چل رہا ہے جبکہ ہم آپ کے سامنے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مکمل ثبوت پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو دہشت گرد گرفتار کیا گیا ہے، اس نے پاکستان میں دہشت گردی کی چار وارداتیں کی ہیں، گرفتار شخص کے موبائل فون سے بھارت میں ہوئی بات چیت پکڑی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے پاس بھارت کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون کے ذریعے آئی ای ڈیز بھیجی جاتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بھارتی دہشت گردی کا صرف ایک ثبوت ہے، گرفتار دہشت گرد عبد المجید اکیلا نہیں تھا، اس کے ساتھ اور بھی لوگ ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد عبد المجید کو بھارتی فوج کی جانب سے قسطوں میں رقوم بھیجی گئیں۔انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشت گرد نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں مختلف وارداتیں کیں، تمام ثبوت بتاتے ہیں کہ بھارت سرحد پار سے ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے۔