آزاد کشمیر

بیرون ملک مقیم کشمیری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں: صدر آزادکشمیر

اسلام آباد:آزاد جموں وکشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے دنیا بھر میں بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیریوں پر زوردیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کو بے نقاب کریں اور عالمی برادری کو باور کرائیں کہ بھارت ایک فسطائی ریاست ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیرہائوس اسلام آباد میں اپنے دیرینہ ساتھی اورسابق مشیر چوہدری شعبان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کا جھوٹ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے اور پوری دنیا میں بھارت کی سبکی ہوئی ہے لہذا دنیا بھر میں مقیم کشمیری یکجان ہو کر کشمیری عوام پر جاری بھارتی ظلم و بربریت کاپردہ عالمی برادری کے سامنے چاک کریں اور اس کے مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے لائیں۔ انہوں نے چوہدری شعبان کو ہدایت کی کہ وہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھانے کے لئے اوورسیز کشمیریوں کو متحد و متحرک کریں تاکہ بھارت کی ریشہ دوانیوں کا بین الاقوامی سطح پر بھرپور جواب دیا جا سکے۔ صدر آزادکشمیرنے کہا کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردارادا کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو موثر اور جاندار انداز میں اجاگر کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ پوری قوت کے ساتھ عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجوڑاجائے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچایا جائے۔بیرسٹر سلطان نے کہاکہ05اگست2019کے بعد بھارت نے مختلف بہانوں سے تحریک آزادی کشمیر کو ختم کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنے کی سازشیں شروع کر رکھی ہیں اور کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر کشمیری عوام پر جبر و استبداد کی انتہا کر دی ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button