مقبوضہ جموں و کشمیر
بھارتی حکام نے بگلیہار اورسلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے،دریائے چناب کے بہائو میں اضافہ

جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد بگلیہار ڈیم اور سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے جس سے دریائے چناب میں پانی کے بہائو میں اضافہ ہواہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب دن کے وقت ہونے والی بارش کے باعث دونوں ڈیم پانی سے بھر گئے۔دریائے چناب اکھنور سے گزرتا ہوا پاکستان میں داخل ہوتا ہے۔بھارت نے 22اپریل کے پہلگام واقعے کے بعد یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کر دیا تھا۔تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا پاکستان میں پانی کے بہائو کو 22اپریل سے پہلے کی سطح پر لایاگیا ہے یا نہیں۔بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی سے سندھ طاس معاہدے پر نئی دہلی کے موقف میں کیا کوئی تبدیلی آئی ہے یہ آنے والے دنوں میں واضح ہو جائے گا۔






