بھار ت کیخلاف بھر پور کارروائی: پاک افواج کی مقبولت میں اضافہ ، سوشل میڈیا پر جشن کا سماں
اسلام آباد: پاکستان کی بھارت کیخلاف ایک بھر پور اور انتہائی کامیاب فوجی کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے بے مثال جشن کا سماں ہے ۔ بین الاقوامی مسلم کمیونٹی کے علاوہ مغربی معاشروں کے غیر مسلم افراد میں بھی پاک فوج کی حمایت و مقبولیت بڑھ گئی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پاکستان اوراس کی مسلح افواج کی تعریفوں سے بھرا ہوا ہے، مختلف براعظموں کے لاکھوں افراد پاک فوج کی کارکردگی کو سراہ رہے ہیں۔ ترکی، ایران، بنگلہ دیش، فلسطین، سعودی عرب، آذربائیجان، اور وسطی ایشیاءاور مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک سے آنے والی زبردست تعریفیں اور ”پاکستان زندہ باد“ کے نعروں کی گونج انسٹاگرام، ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور ٹک ٹوک پر ہر جگہ سنائی دے رہی ہے۔ لوگ اس واقعے کو صرف فوجی تصادم کے طور پر نہیں دیکھ رہے، بلکہ اسے ایک شاندار اور نادر لمحے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس میں ایک مسلم قوم نے فیصلہ کن انداز سے ایک بہت بڑے مخالف ملک کو شکست سے دوچار کر دیا ہے۔
پاکستان کے دیرینہ اسٹریٹجک پارٹنر چین کے عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ ایک وائرل ویڈیو میں چائنیز شہریوں کے ایک گروپ کو پاک فضائیہ کی جانب سے گرائے گئے بھارتی رافیل طیاروں کے گرنے کا مذاق اڑاتے طنزیہ گانا گاتے اور رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی طرح چند عرب نوجوان چائنیز لوگوں کی نقل کرتے ہوئے رافیل طیارے کی تباہی کے واقعے پر بھارت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔
ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں، وردی میں ملبوس چائنیز اور پاکستانی فوجیوں کو ایک سرحدی چوکی کے قریب ایک ساتھ رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ منظر نہ صرف پاک چین فوجی تعاون کی علامت ہے بلکہ بھارت کیخلاف پاک فوج کی تاریخی فتح کے مشترکہ جشن کا بھی اظہار ہے۔ کچھ مغربی سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس میں اپنا حصہ ڈالا ہے اور کئی لوگوں نے پاکستان کی فوج کو دنیا کی اول نمبر فوج قرار دیا ہے۔ یہ صورتحال بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مسلح افواج کیلئے بڑھتے احترام اور وقار کی عکاس ہے۔







