اسلام آباد :کوریا کی سول سوسائٹی کے وفد کی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں سے ملاقات
حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر اظہار تشویش

اسلام آباد :انٹرنیشنل انٹر چینج ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے 5رکنی اعلیٰ سطح وفد نے صدر ڈاکٹر من یونگ کی قیادت میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کی قیادت کے ساتھ اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر یونگ نے جو” سیجونگ نیشنل فورم” اور سول سوسائٹی کی بین الاقوامی تعاون کمیٹی کے چیئرمین ہیں،کشمیری حریت قیادت سے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کوریاسے تعلق رکھنے والے وفد کو تنازعہ کشمیر کے تاریخی پس منظر خصوصا مقبوضہ جموں وکشمیر کی انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کشمیری حریت رہنمائوں نے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں کے بارے میں تفصیلی سے آگاہ کیا اوربتایا کہ بھارتی قابض انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں ہندوتوا ایجنڈے کو نافذ کرنے، جموں وکشمیر کی آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی سرتوڑ کوشش کر رہی ہے ۔ وفد کو بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے دستاویزی ثبوت پیش کئے گئے اور کشمیریوں کی منفرد شناخت کو مٹانے کیلئے مودی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔حریت رہنمائوںنے وفد کو تنازعہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور خاص طور پر اگست 2019میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں شہری آزادیوں پر عائد قدغن بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے ڈاکٹر من یونگ کی اصولی قیادت اور جمہوریت، انسانی وقار اور سول سوسائٹی کی شمولیت کے لیے مسلسل وابستگی کی تعریف کی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے وفد میں ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ، سید فیض نقشبندی، محترمہ شمیمہ شال، الطاف حسین وانی، شیخ عبدالمتین اور حسن البنا شامل تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر من یونگ نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سول سوسائٹی کی آوازیں دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔








