راولاکوٹ: بھارتی جارحیت کے خلاف یومِ تشکر ریلی نکالی جائے گی
راولاکوٹ:
بھارت کے خلاف پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندر کامیابی پر شکرانے جمعہ کو راولاکوٹ میں ایک عظیم الشان یومِ تشکر ریلی نکالی جائے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق کی زیر صدارت ضلعی آفیسران، سول سوسائٹی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، صحافیوں کے ساتھ مختلف اجلاسوں میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ ریلی میں تمام مکاتب فکر کے افراد شریک ہوں گے۔یومِ تشکر کا آغاز تمام مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے کیا جائے گا،اوربھارتی جارحیت میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔صبح ساڑھے نو بجے ڈسٹرکٹ کمپلیکس راولاکوٹ سے ریلی نکالی جائے گی ۔ریلی سے قبل پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے پڑھے جائیں گے۔ انتظامی کمیٹیوں نے ریلی کیلئے انتظامات شروع کر دیے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور شرکت کر کے قومی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔






