کشمیریوں کی جدوجہد پہلی صدی کے مسلمانوں کے جذبے کی یاد دلاتی ہے: ڈاکٹر طاہر تبسم
راولاکوٹ:انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیولپمنٹ کے صدر ڈاکٹر محمد طاہر تبسم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جاری جدوجہد اور قربانیاں اسلام کی پہلی صدی کے مسلمانوں کے جذبے اور استقامت کی یاد دلا رہی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر محمد طاہر نے ان خیالات کا اظہار راولاکوٹ میں ایک ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عبدالرئوف خان نے کی۔ سینئر صحافی اور پریس فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے رکن سردار اعجاز خلیق خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈاکٹر تبسم نے کہا کہ کشمیری عوام کی انتھک جدوجہد کبھی رائیگاں نہیں جائے گی ۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر بھارت اور اسرائیل کی شدید مذمت کی۔ انہوںنے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت اور اسرائیل پر سخت پابندیاں عائد کریں،فلسطین میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنائیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر قتل عام اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے تمام نظر بند کشمیری رہنمائوں کی غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ظہرانے میں سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام حسین خان، سابق ڈین پروفیسر ڈاکٹر سلیم خان، بار کے صدر سردار صابر کشمیری ایڈووکیٹ، بار کے سابق صدر سردار عاصم ارشاد ایڈووکیٹ، سابق ایڈمنسٹریٹر اور مسلم لیگ نون کے رہنما سردار ذاکر خان، ڈاکٹر فیض نقی، ڈاکٹرنواز خان ، سردار عامر جہانگیر خان،سردارزاہد اسلم ، سردار انورخان اور دیگر نے شرکت کی۔ سینئر صحافی سردار عابد صدیق، سردار عبدالرزاق، سردار راشد نذیر، چوہدری بدرالدین، شہزاد عباسی، سردار عدنان اشرف اور سردار احسن ارشاد بھی تقریب میں موجود تھے۔





