اسلام آباد:
اسلام آباد میں ایک پر وقار تقریب میں ممتاز آزادی پسندرہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام تقریب کی صدارت کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔تقریب کی مہمان خصوصی وزیر حکومت آزاد کشمیر میڈم تقدیس گیلانی تھی۔اس موقع پر غلام محمد صفی سمیت مقررین نے شہید میر واعظ مولوی محمد فاروق ،خواجہ عبد الغنی لون اور شہدائے حول کوشاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے مظالم کی شدید مذمت کی اور کہاکہ کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے، ہزاروں افراد کو ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں کشمیری سیاسی رہنما اور کارکن برسوں سے جیلوں میں غیر قانونی طورپر قید ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط ، گھروں کو تباہ اورلاکھوں غیر کشمیری ہندئوں کو ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس جاری کئے جارہے ہیں ۔مقررین نے کہا کہ مقبوضہ وادی کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں کشمیری عوام کے تمام بنیادی، انسانی، سماجی اور مذہبی حقوق سلب ہیں، میڈیا پر بدترین پابندیاں عائد ہیں، اور سچ بولنے والوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔مقررین نے اقوام متحدہ پرزوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اپنی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے عملی اورموثراقدامات کرے۔ حل طلب مسئلہ کشمیر نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ جنوبی ایشیا کی دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان یہ تنازع کسی بھی وقت تباہ کن جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پرحکومت پاکستان ، مسلح افواج اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، شہ رگ ہے اور شہ رگ رہے گا، کشمیر و پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک بارپھر مرکز نگاہ بن گیاہے۔ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیر کوفیلڈ مارشل بننے پر دلی مبارکباد پیش کی۔مقررین نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوںپر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کوانکا حق خودارادیت کیلئے عملی اقدامات کریں۔اجلاس میں میڈم شاہین کوثر ڈار ،مشعال ملک ، حریت رہنما محمود احمد ساغر ،سید فیض نقشبندی ،سید یوسف نسیم ،الطاف حسین وانی، شمیم شال ، محمد الطاف بٹ ،حسن البنا، شیخ عبدالمتین، راجہ محمد اسلم ، افسر خان ، نجیب اللہ الغفور ،امتیاز وانی،جاوید اقبال،حاجی محمد سلطان ،شیخ محمد یعقوب، انجینئر مشتاق محمود ،عبدالمجید لون ،محمد شفیع ڈار،میاں مظفر،شیخ عبدالماجد ،محمد اشرف ڈار ،سید گلشن،عدیل مشتاق ،چوہدری شاہین، منظور احمد ڈار،ذاہد مجتبیٰ ، خورشید میر، غلام نبی بٹ ،راجہ پرویز، محمد اسلم ملک اور نذیر کرنائی اوردیگر نے شرکت کی ۔






