بھارت

سکھ خاتون نے مسجدکی تعمیر کے لئے زمین عطیہ کرکے مذہبی ہم آہنگی کی مثال قائم کردی

چندیگڑھ : بھارت میں جہاں مودی حکومت تاریخی مساجد کو رام کی جنم بھومی قرار دیکر مندر میں تبدیل کرنے کی ناپاک جسارت کر رہی ہے، وہیں ایک سکھ خاتون نے بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال قائم کرتے ہوئے مسجد کی تعمیر کے لئے اپنی ذاتی زمین عطیہ کردی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پنجاب میں ضلع فتح گڑھ صاحب کے ایک گائوں جکھوالی میں جہاں سکھوں کی اکثریت ہے ،ایک سکھ خاتون نے مسجد کی تعمیرکے لیے اپنی ذاتی زمین عطیہ کر دی۔گائوں میں کئی ہندو اور مسلم خاندان بھی برسوں سے آباد ہیں۔گائوں میں گوردوارہ اور مندر تو موجود تھے مگر مسجد نہ ہونے کے باعث مسلمانوں کو دور دراز دیہات کا رخ کرنا پڑتا تھا۔جس کا احساس کرتے ہوئے 74سالہ سکھ خاتون بی بی راجندر کور نے اپنی 5مرلہ ذاتی زمین مسجد بنانے کے لیے عطیہ کردی۔ زمین عطیہ کرنے والی خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے مسلمان ہمسایوں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ تھیں اور اسی لیے اپنی زمین مسجد کے لیے دینے کا فیصلہ کیا۔بی بی راجندر کور کا کہنا تھا کہ مذہب انسانیت سے بڑا نہیں ہوتا اور ایک دوسرے کی ضرورت کا خیال رکھنا ہی اصل خدمت ہے۔ گائوں میں مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اس روشن مثال کا سب سے خوش آئند پہلو یہ ہے کہ گائوں کے ہندو اورسکھ بھی مسجد کی تعمیر میں مالی تعاون کر رہے ہیں۔بی بی راجندر کور کے نام زمین کو باقاعدہ قانونی طریقہ کار کے تحت مسجد کمیٹی کے نام منتقل کر دیا گیا ہے۔گائوں کے سر پنچ مونو سنگھ نے بتایا کہ چونکہ سرکاری زمین مذہبی عمارت کی تعمیر کے لیے مختص نہیں کی جا سکتی تھی اس لیے ذاتی زمین عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔مسجد کمیٹی کے صدر کالا خان نے اس اقدام کو بین المذاہب بھائی چارے کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے سکھ خاتون اور گائوں کے دیگر مکینوں کا شکریہ ادا کیا۔مسجد کمیٹی کے مطابق تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور امید ہے کہ فروری تک مسجد مکمل ہو جائے گی۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مسجد کی تعمیرسے نہ صرف عبادت گاہ کی کمی پوری ہو گی بلکہ گائوں میں پہلے سے موجود مذہبی ہم آہنگی مزید مضبوط ہو گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button