پاکستان نے بھارت کی 20 سالہ دہشتگردی کی تفصیلات دنیا کے سامنے پیش کردیں

اسلام آباد:ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف اور سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی نے پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کی 20سالہ تفصیلات دنیا کے سامنے پیش کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر اور سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی نے بھارت کی پراکسی وار کو فتنہ الہندوستان کا نام دیا۔سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی نے بتایا کہ بلوچستان میں حملے کا واقعہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی را کی سرپرستی میں ہوا، بھارت آپریشن سندور میں بری طرح ناکام ہوا ہے اور اب اس نے دہشت گرد پراکسیزکو بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ حکومت پاکستان ان نیٹ ورکس کو ختم کرےگی، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا، دہشت گردی کی ان کارروائیوں پرسخت ایکشن ہوگا، فتنہ الہندوستان نے اب سافٹ ٹارگٹس پر حملے شروع کیے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارت کی 20 سالہ ریاستی دہشت گردی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2009 میں پاکستان نے شواہد بھارت کے وزیراعظم کو دیے، گرفتار دہشت گردوں نے بھارت کی پشت پناہی کا اعتراف کیا۔
انہو ں نے بتایا کہ بھارت خطے میں امن کو سبوتاڑ کرنا چاہتا ہے، 21 مئی کو بھارت کے حکم پر فتن الہندوستان نے یہ سب کچھ کیا، یہ بھارت کی دہشت گردانہ ظلم کی شکل ہے، ان حملوں میں کوئی بلوچیت، پاکستانیت نہیں۔
ان کا کہنا تھا 12 اپریل 2024 کو 12 مزدوروں کو نوشکی میں شہید کیاگیا، 28 اپریل 2024 کو تمپ کیچ میں 2 مزدوروں کو شہید کیاگیا، بھارت کی ہدایت پر یہ عورتوں اور بچوں پرحملے کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 14 فروری کو ہرنائی میں 10 افراد کو آئی ای ڈی دھماکے میں شہیدکیا گیا، جعفر ایکسپریس حملے میں معصوم شہری، چھٹی پر جانے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شہیدکیاگیا جبکہ 9 مئی کو لسبیلہ میں 3 معصوم حجاموں کو شہید کیاگیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 21 مئی کو 6 معصوم پھولوں کو شہید کیاگیا، 51 معصوم بچے اپنی زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ ہے بھارت کا مکروہ چہرہ ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ بچوں، مزدوروں کو شہید کر رہے ہیں لیکن بلوچستان کے لوگوں کاعزم نہیں توڑ سکے، بھارت کی 20 سال کی اسٹیٹ اسپانسرڈ دہشت گردی کا ریکارڈ عوام کےسامنے رکھ رہے ہیں، پکڑے گئے دہشت گردوں نے بتایا ہے کہ فتنہ الہندوستان کیسے پاکستان میں دہشت گردی کرتا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان میں شہید کیے گئے افرادکے لواحقین کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔






