پاکستان کا بھارت میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مذہب سے بالاتر ہوکر تمام مذاہب کے شہریوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنائے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مذہب سے بالاتر ہوکر تمام مذاہب کے شہریوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنائے۔ترجمان نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر،امتیازی کارروائیوں اور ریاستی مداخلت کے ذریعے مسلمانوں کو نشانہ بنانا عالمی برادری کے لئے سنگین تشویش کا باعث ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایسے وقت میں جب تحمل اور مفاہمت کی سخت ضرورت ہے،سیاسی اور نظریاتی مقاصد کے لئے مذہبی منافرت کو دانستہ طور پر اکسانا انسانی حقوق کی عالمی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی اور علاقائی استحکام اورہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔





