بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں ، فیلڈ مارشل
کوئٹہ:پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں رہی، ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، دشمن کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے، جو ہماری خودمختاری چیلنج کرےگااسے منہ توڑ جواب دینگے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ میں عظیم الشان جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے، بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کا مستقبل بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی سے جڑا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گرد بلوچستان کے امن کی تباہی اور ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے کے درپے ہیں، فتنہ الہند جیسے دہشت گرد گروہ کی مقامی حمایت کی کوششوں کو روکنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قبائلی عمائدین کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر رابطے اور شمولیت ضروری ہے تاکہ دہشتگردوں کوحمایت نہ ملے، دیرپاامن کے لیے دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی کامیابی ناگزیر ہے، حکومت، افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشت گردی کیخلاف متحد ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ امن دشمن عناصر کو کوئی جگہ نہیں دی جائے گی، وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مددگاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ہوگی، اس موقع پر قبائلی عمائدین نے حکومت اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔






