اتر پردیش : تجاوزات کی آڑ میں مسجد مسمار ،مسلمانوں میں شدید غم وغصہ
لکھنو:
بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک مسجد کو منہدم کر دیا گیاہے، جس کے خلاف مسلمانوں میں شدیدغم و غصہ پایاجاتاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ضلع سنبھل کے علاقے حیات نگر میں پیش آیا جہاں بی جی پی کی ریاستی حکومت نے ایک مسجد کو منہدم کر دیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے تجاوزات کی آڑ میں مسجد کو مسمارکئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بی جی پی مت دانستہ طورپرمسلمانوں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنارہی ہے ۔40سال سے مسجد میں نماز ادا کرنے والے ایک بزرگ نے کہا کہ ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہماری آنکھوں کے سامنے مسجد کو منہدم کردیاجائے گا۔قانونی ماہرین نے اس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیاہے ۔ایڈووکیٹ فہیم صدیقی نے کہا کہ حکومت جج، جیوری اور جلاد کے طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف نوٹس کی بنیاد پر مسجد کو منہدم نہیں کیا جا سکتا۔ قانونی کارروائی کے لیے عدالت کا فیصلہ ضروری ہے۔







