صدر ٹرمپ پاکستان اوربھارت کے درمیان نسل در نسل جنگ کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنا چاہتے ہیں :امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے مسئلہ کشمیر کے حل کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان اختلافات کو ہمیشہ کے لئے دور کرنا چاہتے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹیمی بروس نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہاکہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاک-بھارت اختلافات، نسل در نسل جنگ کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے پاک-بھارت کشیدگی کے بعد موجودہ صورتحال سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں پاکستانی سفارتی وفد نے اپنے دورے میں انڈر سیکریٹری ایلیس ہوکر سے ملاقات کی، پاکستانی وفد سے ملاقات میں جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد سے دہشت گردی کے خلاف تعاون، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہاکہ شکر ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوچکی، یہ کتنا مشکل کام تھا سب جانتے ہیں، لیکن صدر ٹرمپ، سیکریٹری مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس نے یہ کر دکھایا، ہمیں ان سب کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں صدر کے ذہن یا ان کے منصوبوں کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی، جو بات میں جانتی ہوں وہ یہ ہے کہ ہم سب اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ صدر ٹرمپ جو بھی قدم اٹھاتے ہیں وہ طویل المدتی تنازعات کو حل کرنے کے لیے ہوتے ہیں، اس لیے یہ حیران کن نہیں ہونا چاہیے کہ وہ ایسی کسی چیز کو سنبھالنا چاہیں گے۔انہوں نے کہا کہ صدرٹرمپ نہ صرف ایسے نظر آتے ہیں بلکہ حقیقتاًا وہ واحد شخصیت ہیں جو ان لوگوں کو ایک میز پر بٹھانے میں کامیاب ہوئے جن کے بارے میں کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ بات چیت کریں گے۔ٹیمی بروس نے کہا کہ اگرچہ میں ان کے منصوبوں کی تفصیلات نہیں بتا سکتی لیکن دنیا ان کی فطرت سے واقف ہے، اگر آپ مزید جاننا چاہتے ہیں تو وائٹ ہائوس سے رابطہ کریں، میرا خیال ہے کہ وہ اس بارے میں کافی کچھ کہنے کے قابل ہوں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے، پاکستان کئی بار واضح کرچکا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن ممکن نہیں۔اگرچہ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے مسئلہ کشمیر کا نام نہیں لیا، تاہم ان کا اشارہ ممکنہ طور پر مستقل بنیادوں پر نسل در نسل جنگ کے حوالے سے مسئلہ کشمیر کی طرف تھا۔






