گجرات: ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گرکر تباہ،200سے زائد افراد ہلاک
احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے200سے زائدفراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے خبر دی ہے کہ طیارے میں 242مسافر سوار تھے جن میں 5برطانوی اور ایک کینیڈین شہری بھی شامل ہے ۔ طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کے لیے روانہ ہوئی تھی، انڈیا ٹوڈے کے مطابق طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا۔ حادثے کے مقام سے دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے میں 200سے زائد مسافرہلاک ہو نے کی اطلاعات ہیں جبکہ بڑی تعداد میں مسافر زخمی ہو ئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایئرانڈیا کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب رہائشی آبادی کے قریب گرا ہے۔ حادثے کے مقام پر ریسکیوآپریشن جاری ہے ۔پروازوں کی ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کی جانب سے ‘ ایکس’ پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایئر انڈیا کی پرواز AI171 کے حادثے کی اطلاعات کا جائزہ لیا جارہاہے ۔ طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا تھا، جو ٹیک آف کے چند سیکنڈ بعد کا تھا۔حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787ـ8 ڈریم لائنر تھا، جس کا رجسٹریشن نمبر VTـANB ہے۔حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔






