آپریشن سندور میں شکست کے بعد بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار
نئی دلی:
آپریشن سندور میں پاکستان کے ہاتھوں شرمناک شکست اور مودی حکومت کی سفارتی ناکامی کے نتیجے میں بھارت عالمی سطح پر تنہا ہو گیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی سفارتی تنہائی اور پاکستان کے ہاتھوں شکست پردی وائیر کے تجزیے میں بھارت کی سفارتی ناکامی پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔دی وائر نے اپنے تجزیے میں کہاہے کہ مودی کی ملٹی الائنس کی حکمت عملی ناکام رہی ہے اور کسی ملک نے بھی بھارت کا ساتھ نہیں دیا جبکہ چین نے بھی آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کھل کے حمایت کی ہے۔دی وایئر کے مطابق چین نے پاکستان کو فضائی دفاع اور سیٹلائٹ تصاویر فراہم کرنے میں بھرپور مدد فراہم کی۔ بھارت کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کے اشارے پر چین نے دریائے براہمپترا کا پانی روکنے کا عندیہ بھی دیا۔تجزیے میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی بھارت کی کوششیں بری طرح ناکام ہوئی ہیں، اقوام متحدہ کی پریس ریلیز میں حملہ آور دہشت گرد گروپ یا پاکستان کا ذکر تک شامل نہیں کیا گیا یہاں تک کہ بھارت کی فوجی برتری کا دعویٰ دنیا کو قائل نہ کر سکا بلکہ میدان جنگ میں پاکستان بازی لے گیا۔دی وایئر کے مطابق ٹرمپ کی مداخلت نے بھارتی میڈیا کی جنگی جنون پر مبنی بیانیے کو خاک میں ملا دیا، صدرٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر اٹھا کر پاکستان کے موقف کو تقویت دی اور ٹرمپ کی مداخلت نے بھارت کی عالمی طاقت بننے کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا ہے۔تجزیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ اور سینٹرل کمانڈ(سینٹ کام)کے سربراہ جنرل کیوریلا نے پاکستانی قیادت کی کھل کر تعریف کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو واشنگٹن میں عسکری اور حکمت عملی کی مضبوط شراکت داری کے لیے مدعو کیا گیا۔ بھارت کی پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں اور سفارتی سطح پر پاکستان کی حمایت بڑھتی جا رہی ہے جن میں امریکا بھی شامل ہے۔