بھارت میں مودی راج جھوٹ اور فریب کی بنیاد پر قائم
مودی کے بھارت میں سچ، احتساب اور شفافیت غائب،صرف فوٹو شوٹس اور جھوٹے اشتہارات باقی
نئی دلی:
بھارت میں مودی کا 11سالہ دور اقتدار صرف جھوٹ اور فریب کی بنیاد پر قائم ہے ۔ مودی کے بھارت میں سچ، احتساب اور شفافیت کا فقدان ہے اور صرف فوٹو شوٹس اور جھوٹے اشتہارات باقی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نااہل مودی حکومت جھوٹ پر مبنی بیانیے، حقائق چھپانے اور میڈیا کے ذریعے سچ کو دفنانے میں انتہائی مہارت رکھتی ہے۔احمدآباد طیارہ حادثہ میں 290سے زائد افراد کی ہلاکتیں ہوئیں، مگر مودی سرکار نے مجرمانہ خاموشی اور بے حسی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے کوئی تعزیتی بیان جاری نہیں کیا ۔مودی راج میں نئے ایئرپورٹس کے افتتاحی فیتے تو کاٹے جا رہے ہیں، مگر DGCAمیں 48فیصد اور ایوی ایشن اداروں میں 37فیصد خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاجاتا ،جس کی وجہ سے بھارتی سول ایوی ایشن کا نظام عملے کی شدیدکمی کا شکار ہے۔2017سے 2022کے دوران ریل کے244 بڑے حادثات ہوئے لیکن مودی حکومت کی توجہ صرف نئی ٹرینوں کی افتتاحی تقریبات پر رہی۔اشتہاروں میں شائننگ انڈیا لیکن حقیقی بھارت بھوک، غربت اور افلاس کا شکار ہے۔ بھارت ہنگر انڈکس میں 127کی فہرست میں 105ویں پوزیشن پر موجود ہے ۔مودی راج میں سوال پوچھنے والے کو غدارقراردیاجاتا ہے ،جس کی وجہ سے بھارت صحافتی آزادی کی فہرست میں 151ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ مودی کا گودی میڈیا صرف حکومت کا جھوٹ دکھانے میں مصروف ہے۔بھارت میں کورونا وبا کے دوران صرف انسان نہیں مرے، سچ بھی دفن ہوگیاہے۔ مودی کے اپنے گجرات میں دیگر علاقوں کے مقابلے میں اموات 33گنا زیادہ ہوئیں ۔ مودی سرکار نے پارلیمنٹ کو آج تک نہیں بتایا کہ لاک ڈائون میں کتنی چھوٹی صنعتیں بند اور کتنے مزدور بے روزگار ہوئے، سچ آج بھی دفن ہے۔پلوامہ حملے میں 40بھارتی جوان ہلاک ہوئے مگر 6 سال بعد بھی نہ انصاف ملا، نہ سچ سامنے آیا۔ پلوامہ اور پہلگام حملوں پر صرف مودی نے اپنی سیاست چمکائی۔ کمبھ میلے میں بھگدڑ مچنے سے ہونیوالی ہلاکتوں کے بارے میں بھی مودی حکومت نے عوا م کو گمراہ کیا اور صرف 37اموات بتائیں جبکہ بی بی سی رپورٹ کے مطابق ا س واقعے میں 82افراد ہلاک ہو ئے تھے۔پہلگام حملے پر بھی مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے عوام کو گمراہ کیا، سیاحوں کی سکیورٹی میں ناکامی پر کوئی جواب نہیں دیا ۔مودی سرکار کی سفارتی ناکامی واضح ہے،ہر دیپ سنگھ نجار کے قتل پر بھارت کے کینیڈا سے تعلقات کشیدہ ہیں ۔ مودی کا دور بھارت کی ناکامی کا دور ثابت ہو رہا ہے۔