مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا ءمیں پائیدار امن کی راہ ہموار نہیں ہوسکتی ، سعد احمد وڑائچ

نئی دہلی: پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کا 79 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا گیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے لان میں منعقدہ پروقار تقریب میں قومی پرچم لہرایا، تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے اراکین اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے پختہ عزم کی صرف فتح ہی نہیں تھا بلکہ علیحدہ وطن کے حصول کے لئے ان کے مقدر کی تکمیل بھی بنا۔ناظم الامور نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے، پاکستان کی جوہری صلاحیت جنوبی ایشیاءمیں استحکام کا باعث ہے۔
سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی خودمختاری اور عوام کے وقار کے تحفظ اور بقاءکے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے، آزادی خداوند کریم کا انمول تحفہ ہے، نئی دہلی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ احساس اور گہرا ہو جاتا ہے۔ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے مادر وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع میں پاک مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتا ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی معاہدہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے فروغ کی جانب اہم سنگ میل ہے۔سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی راہ تنازعہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے ہو کر گزرتی ہے، استصواب رائے کے حق کے حصول تک ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان اللہ کے کرم، قومی اتحاد اور محنت سے ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، سربلند، سرسبز ہلالی پرچم یونہی فضاو¿ں میں لہراتا رہے گا اور دنیا ہماری کامیابیوں کی گواہ بنتی رہے گی۔
تقریب میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور تقاریر کیں، جن میں قیام پاکستان کے لئے کی جانے والی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔ اس پرمسرت موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔
سعد احمد وڑائچ نے قائداعظم کی زندگی، نظریے اور تاریخی جدوجہد پر مبنی تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا، جو رواں سال بانی پاکستان کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی طور پر ترتیب دی گئی ہے۔KMS-02/M








