بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سر پرست ہے، فیلڈ مارشل

اسلام آباد:آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سر پرست ہے، معرکہ حق میں پاکستان نے کنٹرول لائن سے لے کر ساحل سمندر تک بھارت کی بلا جواز جارحیت کا بہترین جواب دیا، اللہ نے معرکہ حق میں ہماری مدد کی کیونکہ ہم حق پر تھے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان خیالات کا اظہار 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دور حاضر کے جنگی تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ہمہ وقت تیار رکھتی ہیں، ہم بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان نے نہ پہلے اس کی اجارہ داری قبول کی اور نہ آئندہ کبھی کرے گا۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جو اس کے اپنی اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں سے متعصبانہ اور ظالمانہ رویوں کا نتیجہ ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سر پرست ہے، بحیثیت قوم ہم پاکستانی کبھی بھی بھارت کے آگے جھکے ہیںنا جھکیں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے اور ہم اس سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، تاہم ہم ا±ن سے ایک ہی تقاضا کرتے ہیں کے وہ بھارت کی دہشتگردانہ پروکسیوں فتن الہندوستان اور فتن الخوارج کو جگہ نہ دیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنی انفرادی اور علاقائی پہچان سے بڑھ کر پاکستانیت کی پہچان کو اپنائیں، ہر نظام میں مسائل اور کمزوریاں ہوتی ہیں، آپ کا کام ہے کہ کمزوریوں اور منفی قوتوں کو نظام پر حاوی نہ ہونے دیں۔آرمی چیف نے کہا کہ جو اقوام اپنی تاریخ کو بھول جاتی ہیں انکا مستقبل بھی تاریک ہو جا تا ہے، پاکستان کی کہانی اور تاریخ کو جانیے اور اپنی اگلی نسلوں تک پہنچائیں، ملک سے محبت اور وفاداری اولین اور بنیادی شرط ہے، اپنے اندر جرات، قابلیت اور کردار پیدا کریں،اگر ان میں سے ایک جزو کو چننا ہو تو ہمیشہ کردار کو فوقیت دیجیے گا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سول بیوروکریسی کار یاستی نظم و نسق میں کلیدی کردار ہے، نوجوان افسران دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کو شعار بنائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل نے اس موقع پر ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا اور قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے، سول بیوروکریسی کا ریاستی نظم ونسق میں کلیدی کردار ہے، نوجوان افسران دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کو شعار بنائیں۔






