بھارت سے جنگ جیتنے پر دنیا آج تک حیران ہے اور پاکستان کی تعریف کررہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آ باد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ نے افواج پاکستان کو عزت دی، دنیا بھارت سے جنگ جیتنے پر آج تک دنگ ہے اور پاکستان کی تعریف کررہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دشمن کیخلاف جنگ جیتنے کی وجہ سے عالمی سطح پر عزت ملی۔ فیلڈ مارشل نے فرنٹ سے جنگ کولیڈ کیا۔ ایئرفورس نے کمال کر دکھایا۔ بھارت کوجس طرح شرمناک شکست ہوئی آج تک اس کا تذکرہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہوکردشمن کیخلاف مقابلہ کیا۔ بھارت کیخلاف کمال مہارت کے مظاہرے پردنیا دنگ رہ گئی ہے۔ مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت سے بھارت کیخلاف تاریخی فتح ملی۔وزیر اعظم نے کہاکہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف قربانیاں دے رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں ظلم وستم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، غزہ میں بچوں کی حالت دیکھی نہیں جاتی، غزہ میں جاری مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، مصراوراردن کے ذریعے غزہ کیلئے فوری امداد بھجوائی جا رہی ہے، غزہ کے معاملے پر پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے۔







