APHC-AJK

کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کی سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات

کراچی:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے ایک اعلی سطحی وفد نے کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور نائب صدرسینیٹر شیری رحمان سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد کی قیادت حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد کر رہے تھے جبکہ سینئر حریت رہنما سید یوسف نسیم، راجہ خادم حسین زاہد اشرف اور شیخ عبدالماجدبھی وفد میں شامل تھے۔ملاقات میں 8جولائی کو کراچی میں شہید برہان مظفر وانی کی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والی”بنیان مرصوص ریلی”کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کیاگیا۔ وفد نے شیری رحمان کو ریلی کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تقریب نہ صرف کشمیری شہدا ء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ ہے، بلکہ یہ پاکستان کی کشمیری عوام سے اصولی وابستگی اور یکجہتی کا مظہر بھی ہوگی۔سینیٹر شیری رحمان نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ افواجِ پاکستان کے سپہ سالار کی جانب سے واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ دشمن اگر دس جنگیں بھی مسلط کرے، تب بھی پاکستان اپنی شہ رگ” کشمیر” پر کسی صورت بھارتی قبضہ برداشت نہیں کرے گا۔انہوں نے شہید برہان وانی کو تحریکِ آزادی کشمیر کا روشن ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو ایک نئی جہت دی۔ شیری رحمان نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستانی موقف کی موثر ترجمانی کو سراہتے کہا کہ پاکستانی وفود نے بھارتی پروپیگنڈے کو بھرپور انداز میں بے نقاب کیا اور دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کامیاب کوشش کی۔حریت وفد نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، جمہوری قوتوں اور عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مسلسل یکجہتی پر گہرے تشکر کا اظہار کیا۔ وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی پرامن اور اصولی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button