مقبوضہ کشمیر: سول سوسائٹی فورم کا یتیم لڑکے کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سول سوسائٹی فورم (سی ایس ایف) نے گونی پورہ کنزر کے ایک یتیم لڑکے کی المناک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ” سی ایس ایف“ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ لڑکے کی موت مقامی صحت مرکز میں طبی غفلت کے باعث ہوئی جس پر بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) کنزر کے خلاف فوری تادیبی کارروائی ہونی چاہیے۔ذیشان رشید اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا اور وہ بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا۔
پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) ابورہ میں کوئی طبی عملہ موجود نہ ہونے کے باعث ذیشان کا بروقت علاج نہ ہوسکا۔ جموں وکشمیر سول سوسائٹی کے چیئرمین خواجہ عبدالقیوم وانی نے معاملے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات اور متعلقہ بی ایم او کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔





