حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے رہنمائوں کی کراچی میں اہم پریس کانفرنس
بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں رچائے جانیوالے فالس فلیگ آپریشنز کو بے نقاب کیا

کراچی:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے رہنمائوں نے کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس میں بھارت کی جانب سے پہلگام سمیت مقبوضہ کشمیر میں رچائے گئے فالس فلیگ آپریشنز کو بے نقاب کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ،سید یوسف نسیم سمیت پریس کانفرنس کے شرکاء نے 22مئی کو ہونیوالے پہلگام واقعے کو بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کاتیار کردہ ایک منظم فالس فلیگ آپریشن قراردیاجس کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ، پاکستان کو بدنام اور کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے تعبیر کرنا تھا۔انہوں نے کہاکہ پہلگام واقعہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی منصوبہ بند کارروائی تھاجسے ایک ایسے وقت پر انجام دیا گیا جب امریکی نائب صدر جے دی وانس بھارت کے دورے پر تھے۔ اس موقع کو استعمال کر کے بھارت نے سفارتی ہمدردی حاصل ، داخلی سیاست میں فائدہ اٹھانے اور پاکستان پر دبائو بڑھانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہاکہ واقعے کے محض دو گھنٹوں بعد ہی ایف آئی آر درج کی گئی اور منٹوں میں مشتبہ افراد کے خاکے میڈیا پر جاری کردئے گئے اور پاکستان کو براہ راست طورپر اس واقعے میں ملوث قراردیاگیا ۔حریت رہنمائوں نے کہاکہ بھارت نے پہلگام واقعے کو جوا زبنا کر سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا اعلان کرکے پانی کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے کی خطرناک روایت قائم کی۔ بھارت نے "آپریشن سندور” کے نام پر پاکستان کے خلاف جارحیت کا آغاز کیا، جس میں شہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔حریت قائدین نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بروقت، منظم اور پروقار انداز میں دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیااور کشمیر کے مظلوم عوام کوواضح پیغام دیا کہ پاکستان ان کے ساتھ شانہ بشانہ ہے ۔حریت رہنمائوں نے اعلان کیاکہ شہید برہان مظفر وانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اورپاکستان کی بہادر افواج سے اظہار محبت کیلئے 8جولائی کوکراچی میں "بنیان مرصوص ریلی” نکالی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں سندھ اسمبلی کے اراکین نجم مرزا،انجینئر سید عادل عسکری،ڈاکٹر جے پال چھابڑیہ اورمرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدراحمد ندیم،جی ڈی اے کراچی، مسلم لیگ فنکشنل کے صدر کیپٹن نعیم فیروز اورمسلم کانفرنس کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ غلام عباس جمال اور دیگربھی موجود تھے۔






