بھارت کشمیریوں پر وحشیانہ تشدد کا استعمال بدستور جاری رکھے ہوئے ہے، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہاہے کہ آج دنیا بھر میں تشدد کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا جارہاہے تاہم مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت ریاستی پالیسی کے طور پر تشدد کا استعمال بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے خلاف تشدد کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں منظم اور ادارہ جاتی انداز میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جا ری ہیں۔ بھارتی قابض فورسز مقبوضہ علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے اور اپنے غیر قانونی قبضے کو طول دینے کے لیے ظلم و تشدد کا سہارا لے رہی ہیں۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جائز تحریک کو دبانے کے لیے منظم طریقے سے تشدد کا استعمال کر رہا ہے، تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے بعد، جب مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے مقبوضہ علاقے کا فوجی محاصرہ کرلیاتھا، تب سے کشمیری عوام پر ظلم و تشدد میں مزید شدت آ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تشدد کے متاثرین سے یکجہتی کا عالمی دن کشمیری عوام کے لیے اس وقت تک بے معنی ہے جب تک انہیں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ریاستی تشدد سے نجات حاصل نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں متعدد بدنامِ زمانہ ٹارچر سینٹر قائم ہیں جہاں کشمیریوں کو وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔حریت رہنمائوں نے کہاکہ بھارتی فورسز بجلی کے جھٹکے، وحشیانہ تشدد ، جنسی ہراسانی اور دیگر غیر انسانی طریقوں سمیت مختلف ذرائع سے کشمیریوں کو تشدد کانشانہ بنا رہی ہیں، جو بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین اور عالمی انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی سطح پر تشدد کے استعمال کی تصدیق متعدد بین الاقوامی رپورٹس میں بھی کی جا چکی ہے۔حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کونسل اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کریں۔






