9اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا اجیت دوول کا دعویٰ غلط اور بے بنیاد ، پاکستان

اسلام آباد :پاکستان نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ بھارت نے 7 مئی کو تمام 9 شناخت شدہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بھارتی دعوو¿ں کو غلط بیانیوں سے بھرپورقرار دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ اجیت دوول کے بیانات عوام کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ ذمہ دار ریاستی طرز عمل کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک خودمختار ملک کے خلاف فوجی جارحیت پر فخر کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے طے شدہ اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افسانوی بیانیے اپنانے کے بجائے بھارت کو 6 لڑاکا طیاروں کی تباہی اور دیگر فوجی اہداف کو پہنچنے والے شدید نقصان کو تسلیم کرنا چاہیے۔شفقت علی خان نے کہا کہ یہ بات سب کے علم میں ہے کہ بھارت جن دہشت گرد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعوی کرتا ہے، ان کے نتیجے میں عام شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ریاستی سطح پر اسپانسر کرنے میں بھارت کا ملوث ہونا بالکل واضح ہے اور بین الاقوامی برادری اب اس حقیقت سے زیادہ آگاہ ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کا ہدف صرف پاکستان تھا، لیکن حالیہ دنوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ یہ عالمی سطح پر پھیل چکی ہے، اگر اس بھارتی بدنیتی پر مبنی طرز عمل کو نہ روکا گیا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔شفقات علی خان نے بھارت پر دنیا بھر، خاص طور پر کینیڈا، امریکا اور دیگر ممالک میں لوگوں کو قتل کرنے کی مہم چلا رہا ہے۔







