مظفر آباد : محمد اشرف صحرائی کے یوم شہادت پر ریلی کا انعقاد
کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیںجائیں گی، مقررین
مظفرآباد :ممتاز آزادی پسند کشمیری راہنما محمد اشرف صحرائی کے پانچویں یومِ شہادت پر آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ محمد اشرف صحرائی 5مئی 2021کو جموں میں بھارتی پولیس کی حراست کے دوران جام شہادت نوش کر گئے تھے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریلی کے شرکانے “صحرائی تیری شہادت سے انقلاب آئے گا” اور “شہدائے جموں کشمیر زندہ باد“ کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ انہوں نے اسلام، آزادی اور پاکستان کے حق میں بھی نعرے لگائے۔ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان،، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں چوہدری شاہین، زاہد اشرف، شیخ عبد الماجد، عزیر احمد غزالی اور ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر ، ریاض خان صحرائی ، عثمان علی ہاشم ، راجہ محمد آفتاب ، منظور اقبال بٹ ، عمر آصف ، محمد یونس میر ، ڈاکٹر محمد منظور ، اسحاق شاہین ، محمد اسلم انقلابی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنماوں نے کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ محمد اشرف خان صحرائی کی جدوجہد اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے شہید محمد اشرف صحرائی اور ان کے بیٹے جنید صحرائی شہید کو کشمیریوں کی تحریک مزاحمت کی ایک تابناک علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے محمد اشرف صحرائی کے فرزند جنید صحرائی کو بھی مئی 2020 میں شہید کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ محمد اشرف صحرائی نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی ، حق خودارادیت کیلئے وقف کر رکھی تھی جبکہ ان کا بیٹا بھی تحریک آزادی میں پیش پیش رہا اور باالاخر اپنی جان قربان کی۔
مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی ، محمد اشرف صحرائی ، جنید ، علی محمد ڈار ، عبد المجید ڈار ، محمد مقبول بٹ ، محمد افضل گورو، برہان مظفر وانی، جنید صحرائی اور دیگر لاکھوں کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاںنہیں جائیں گی اور جب تک کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق نہیں مل جاتا وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔








