ہاں،بھارتی معیشت مردہ ہے،راہل گاندھی کی طرف سے صدر ٹرمپ کے بیان کی حمایت

نئی دلی:بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے امریکی صدر ٹرمپ کے اس بیان کو درست قراردیاہے کہ بھارتی معیشت مردہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگریہ بات کسی کو نہیں معلوم تو وہ ملک کے وزیراعظم نریندر مودی اور انکے وزیرخزانہ ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گزشتہ روز امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو مردہ قرار دیتے ہوئے اس پر 25فیصد ٹیرف کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ تعلقات پر جرمانہ بھی عائد کیاتھا۔ اس صورتحال پر بھارتی میڈیا نے جب اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی سے رائے جاننا چاہی تو انہوں نے توقف کیے بغیر ڈونلڈ ٹرمپ کی رائے کو ٹھیک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے سچ کہا ہے، بھارتی معیشت مردہ ہے اور اگر یہ بات کسی کو نہیں معلوم تو وہ ملک کے وزیراعظم اور وزیر خزانہ ہیں۔راہول گاندھی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایک حقیقت کو بیان کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی صرف صنعتکار گوتم اڈانی کے مفادات کے لیے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت کے سامنے اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکومت نے ہماری معیشت، دفاع اور خارجہ پالیسی کو تباہ کر دیا ہے۔ مودی حکومت بھارت کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے۔راہل گاندھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد دعوئوں پر حکومت کی خاموشی پر بھی سخت سوالات اٹھائے۔ اس صورتحال پر ایک طرف بھارتی تجزیہ کاروں نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے تو دوسری طرف اپوزیشن رہنمائوں نے اِسے حکومت کی ناکام خارجہ اور معاشی پالیسی قراردیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدرنے کہاتھا کہ بھارت ہمارا دوست ہے لیکن دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف ہونے کی وجہ سے اس سے بہت کم تجارت کی گئی ہے اوربھارت کی غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں بھی انتہائی سخت اور ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے مزید کہاتھا کہ بھارت نے ہمیشہ روس سے بھاری مقدار میں فوجی ساز و سامان خریدا ہے اور وہ روس سے توانائی کا بھی سب سے بڑا خریدار ہے، ایسے وقت میں جب دنیا چاہتی ہے کہ روس یوکرین میں قتل و غارت بند کرے، یہ تمام چیزیں اچھی نہیں ہیں۔






