طارق حمید قرہ کا جموں وکشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے 3ہفتے کے احتجاجی پروگرام کا اعلان
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں انڈین نیشنل کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے مقبوضہ علاقے کی مکمل ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے تین ہفتے کے احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طارق حمید قرہ نے سرینگر میں میڈیا سے گفتگو میں ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے آج (جمعہ ) سے تین ہفتے کے احتجاج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس عرصے کے دوران مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا جب مودی حکومت نے غیر قانونی طورپر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی پروگرام کا آغازایک عوامی رابطہ مہم کے ساتھ ہوگاجو4اگست تک جاری رہے گی ۔ 5اگست کو کانگریس مودی حکومت کی طرف سے دفعہ370کی غیر قانونی منسوخی کے موقع پر یوم سیاہ منائے گی۔ 9سے 20اگست تک مختلف مقامات پر بھوک ہڑتال کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا احتجاج 21اگست کو ایک بڑے عوامی اجتماع کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔






