انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے دفتر میں تقریب کا انعقاد

اسلام آباد: انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میںکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے دفتر میں ایک تقریب کا انعقادکیاگیا جس کی صدارت سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی نے کی ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تقریب میں حریت قیادت، سیاسی و سماجی رہنمائوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے گزشتہ سات دہائیوں سے جاری انسانی حقوق کی بدترین اور منظم پامالیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کوقتل وغارت، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل،کالے قوانین، غیر قانونی گرفتاریوں، اظہارِ رائے پر پابندیوں اور معاشی و سماجی استحصال جیسے سنگین مظالم کا سامنا ہے۔مقررین نے کہا کہ 5اگست 2019 کے بعد بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے وہاں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے، کشمیریوں کو ان کی زمینوں، وسائل اور شناخت سے محروم کرنے اور ریاستی جبر کو تیز کرنے کی خطرناک پالیسی اختیارکی ہے جو بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کے منشور، جنیوا کنونشن اور انسانی حقوق کے تمام عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔تقریب میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بھارت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں، اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندوں اور عالمی میڈیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر تک رسائی سے مسلسل روکتارہا ہے تاکہ وہاں ہونے والے مظالم کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھا جا سکے۔ محمد فاروق رحمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن محض تقریبات تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ دن دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا دن ہے۔ آج سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ جب کشمیری عوام سات دہائیوں سے ظلم، جبر اور غلامی کا شکار ہیں تو عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں کی خاموشی کا جواز کیا ہے؟انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر محض ایک سیاسی تنازعہ نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق، حقِ خودارادیت اور عالمی انصاف کا مسئلہ ہے جس کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔تقریب میں عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کا فوری نوٹس لیں،کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلوانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پربھارت کو بین الاقوامی سطح پر جواب دہ بنائیں۔شرکا ء نے جدوجہدآزادی کو ہر قیمت پر جاری رکھنے اوردنیا کے سامنے بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،سید یوسف نسیم،میر طاہر مسعود ،سید فیض نقشبندی، مشتاق احمد بٹ ،محمد رفیق ڈار،شیخ محمد یعقوب ،شیخ عبد المتین،حسن البنائ، مرزا مشتاق محمود ،امتیاز وانی،عبد المجید لون،میاں مظفر،محمد شفیع ڈار ،کفایت رضوی،منظور احمد ڈار،نذیر کرنائی، سید گلشن،عبد المجید میر،خورشید میر، میڈم بینظیر،ثناء اللہ ڈار، رئیس میر،قاضی عمران ،امتیاز بٹ، عبدالرشید بٹ ، غلام نبی بٹ ، راجہ پرویز اشرف ،راجہ زرین، لال حسین ، شوکت ابوزر اورکئی صحافیوں نے شرکت کی۔







