بھارت نے” ایف اے ٹی ایف“ اجلاس سے پہلے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ مہم تیز کر دی

اسلام آباد:بھارت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے آئندہ اجلاس سے قبل پاکستان کے خلاف اپنی بے بنیاد پروپیگنڈہ مہم تیز کر دی ہے اور وہ دہشت گردی کی سنسنی خیز کہانیاں گھڑ کر پاکستان کو عوامی سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممبئی پولیس نے ایک واٹس ایپ پیغام موصول ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 34 گاڑیوں میں ”ہیومن بم“ نصب ہیں اور 14 پاکستانی دہشت گرد ممبئی شہر میں داخل ہو چکے ہیں، جن کے پاس 400 کلوگرام دھماکہ خیز مواد ہے۔ پولیس کے اس دعوے سے عوام میں خوف وہراس پھیل گیا ہے جبکہ حکام نے 10 روزہ ہندو گنیش تہوار کے موقع پر شہر بھر میں سیکورٹی بڑھادی ہے۔ ممبئی پولیس تک یہ دھمکی کس نے پہنچائی ، یہ کہاں سے آئی ، پولیس نے اس حوالے کچھ نہیں بتایا ، دھمکی میں پاکستان کے ملوث ہونے کی بھی کوئی آزدانہ تصدیق نہیں کی گئی جس سے پولیس کے دعوے کی صداقت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔
پاکستان نے پہلے ہی” ایف اے ٹی ایف“ حکام کوبھارت کی اس ممکنہ جعل سازی سے آگاہ کر دیا تھالہذا اسکی یہ پروپیگنڈا حکمت عملی بے سود گئی۔بھارت دہشت گردی کے ہر واقعے میں پاکستان کو جوڑنے کی مذموم پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے، وہ سرحد پار دہشت گردی کا مسلسل بیانیہ بنارہا ہے ۔ مودی حکومت یہ سب کچھ اپنے سیاسی فائدے کیلئے کر رہی ہے، وہ خوف و دہشت کی کارروائیوں اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے عوامی آرا ءپر اثر انداز ہونے، سخت سیکورٹی کا جواز پیدا کرنے اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر دہشت گرد کے طور پر پیش کرنے کی متواتر کوششیں کر رہی ہے۔ ممبئی ”ہیومن بمز“ کی کہانی بھی اسی مذموم سلسلے کی ایک کڑی ہے اور اسکی کوئی حقیقت نہیں ہے۔







