بھارت اور پاکستان کے درمیان سب سے بڑا تنازعہ کشمیر ہے
جب تک کشمیری عوام مظالم کا شکار رہیں گے اس وقت تک امن ممکن نہیں، عطا اللہ تارڑ
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے کبھی جارحیت کا راستہ نہیں اپنایا، بھارت اور پاکستان کے درمیان سب سے بڑا تنازعہ کشمیر ہے اور جب تک جموں و کشمیر کے عوام مشکلات اور مظالم کا شکار رہیں گے اس وقت تک امن ممکن نہیں ہوسکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے ان خیالات کا اظہار سابق سیکریٹری خارجہ اور سفیر اعزاز احمد چوہدری کی تصنیف "Pakistan-India RelationsFractured Past, Uncertain Future” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی موجودہ حکومت نے اقلیتوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے اور وہ اقلیتوں کو دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے۔ا نہوں نے کہاکہ اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان کا مضبوط بیانیہ تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ جہاں تک پاک بھارت تعلقات کے ماضی، حال اور مستقبل کا تعلق ہے تو سب سے پہلے ہمیں دو قومی نظریئے کی حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے فورا بعد ہی بھارت نے پاکستان پر برتری قائم کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستان کبھی بھی جارح نہیں رہا بلکہ ہمیشہ اپنی سرحدوں کے دفاع پر قائم رہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں یوم دفاع منایا ہے جو اس وقت کی یاد دلاتا ہے جب بھارت نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے پر اپنی بالادستی قائم کرنے کی کوشش کی۔ اس وقت پوری قوم یکجا ہوئی اور ہماری بہادر افواج نے جرات و شجاعت کے ساتھ نہ صرف دشمن کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا بلکہ مادر وطن کا دفاع بھی بہادری اور شجاعت کے ساتھ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی کوششیں اسی وقت کامیاب ہو سکتی ہیں جب تنازعات کو تنازعہ تسلیم کیا جائے، بھارت اور پاکستان کے درمیان سب سے بڑا تنازعہ کشمیر ہے اور جب تک جموں و کشمیر کے عوام مشکلات اور مظالم کا شکار رہیں گے اس وقت تک امن ممکن نہیں کیونکہ نہ صرف بھارت کی موجودہ حکومت نے دو قومی نظریے کو چیلنج کیا ہے بلکہ ہندوتوا کی بڑھتی ہوئی سوچ نے اقلیتوں کی زندگی کو بھی انتہائی دشوار بنا دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کا دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا نام نہاد دعوی بری طرح ناکام ہو چکا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ وہ سرحد پار دہشت گردی کی کارروائیوں اور ٹرانس نیشنل قتل و غارت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کا قتل اور دیگر ممالک میں کی گئی کارروائیاں اس کی واضح مثال ہیں ،خطے میں بھارت کی نام نہاد بالادستی اور حالیہ پاک بھارت تنازعہ میں رائزنگ انڈیا کا جھوٹا تاثر اس وقت منہ کے بل گر گیا جب اسے پاکستان میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ الحمد اللہ پاکستان نے نہ صرف عسکری قوت سے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور موثر جواب دیا۔







