بھارت میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کاووٹ چوری سے براہ راست تعلق ہے ،راہل گاندھی
کانگریس رہنماء کی بے روزگاری ، مہنگائی اور ووٹ چوری پر مودی حکومت پر کڑی تنقید

نئی دلی :بھارت میں کانگریس کے سینئر رہنما اورلوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ایک بار پھر ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور ووٹ چوری پر مودی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا براہ راست تعلق ووٹ چوری سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک کے نوجوانوں کی سب سے بڑی مشکل روزگار کاحصول ہے۔انہوں نے کہاکہ جب کوئی حکومت عوام کا اعتماد جیت کر اقتدار میں آتی ہے تو اس کی پہلی ذمہ داری نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرناہوتی ہے تاہم مودی حکومت نے نوجوانوں کو نوکریاں دینے کی بجائے انتخابی عمل کو ہی داغدار بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخابات ایمانداری سے نہیں جیتتی بلکہ ووٹ چوری اور اداروں کو قید کر کے اقتدار میں آئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بے روزگاری ملک میں 45سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ نہ صرف نوکریوں کی تعداد گھٹ رہی ہے بلکہ سرکاری بھرتی کا عمل بھی غیر شفاف ہے ۔ متعدد ریاستوں میں امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے واقعات اور بھرتی کے دوران بدعنوانی سے نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے ۔راہل گاندھی نے کہا کہ نوجوان محنت کرتے ہیں، خواب دیکھتے ہیں اور اپنے مستقبل کے لیے جدوجہد کرتے ہیں لیکن وزیر اعظم مودی اپنی تشہیر، مشہور ہستیوں سے اپنی تعریفیں سننے اور سرمایہ داروں کے منافع بڑھانے میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق نوجوانوں کی امیدیں توڑنا اور انہیں مایوس کرنا بی جے پی حکومت کی پہچان بن چکی ہے۔انہوںنے واضح کیاکہ جب تک انتخابات چوری ہوتے رہیں گے تب تک نہ بے روزگاری ختم ہوگی اور نہ ہی بدعنوانی۔راہل گاندھی نے کہاکہ بھارت کو بے روزگاری اور ووٹ چوری سے آزادی دلوانا ہی سب سے بڑی حب الوطنی ہے۔ نوجوانوں کی جدوجہد اب محض روزگار تک محدود نہیں رہی بلکہ جمہوریت اور شفافیت کے تحفظ تک جا پہنچی ہے۔








