بھارت

بھارت نے لداخ کو سمجھدار لوگوں کے لیے ایک ڈرائونا خواب بنادیا

لہہ:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے لداخ خطے کی سب سے قابل احترام آواز، انجینئر اور ماہر ماحولیات سونم وانگچک کی کالے قانون قومی سلامتی ایکٹ کے تحت گرفتاری نے پورے بھارت میں غم و غصے کو جنم دیا ہے جبکہ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اپنی زمین، حقوق اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے جدوجہدکرنے والے کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے پر بی جے پی حکومت کوقومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سونم وانگچک کوجو ماحولیات کے تحفظ اور لداخ کے حقوق کی وکالت کے لیے عالمی سطح پر جانے جاتے ہیں، بھارتی فورسز نے 24ستمبر کو لہہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں چار مظاہرین کی ہلاکت اور 90سے زائد کے زخمی ہونے کے بعد گرفتار کر لیا تھا۔ انہیں اب راجستھان کی جودھ پور سنٹرل جیل میں بند کر دیا گیا ہے اورحکام نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ تشدد کو ہوا دے رہے ہیں اور ان کے پاکستان سے روابط ہیں۔ان کی اہلیہ گیتانجلی انگمونے ان الزامات کو بے بنیادقراردیتے ہوئے بھارتی فورسز کے وحشیانہ اقدامات کوتشدد کا ذمہ دار ٹھہرایا۔بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریںلوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کے اقدامات سے ہندوتوا سیاست کی حقیقت کھل گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ لداخ کے پرامن عوام ،وہاں کی ثقافت اور روایات بی جے پی اور آر ایس ایس کے حملوں کی زد میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ لداخیوں نے اپنے حقوق مانگے اور بی جے پی نے اس کا جواب 4 نوجوانوں کو مار کر اور سونم وانگچک کو جیل بھیج کر دیا۔انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ قتل وغارت بند کرو، تشدد بند کرواورلوگوں کو ڈرانا بند کرو، لداخ کوان کے حقوق دو اور انہیں چھٹا شیڈول دو۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ مودی کے بھارت میں سچ بولنا غداری کے مترادف ہے اور حقوق مانگنے کی سزاقید ہے۔ وانگچک جیسے محقق جیل میں بند ہیں اوراصل انتہا پسند آزاد گھوم رہے ہیں۔وانگچک کے کیس نے بھارت میں ہندوتوا کے زیر اثر نظام انصاف کو بے نقاب کر دیا ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں نے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈے نئے نہیں ہیں اور مسرت عالم بٹ، یاسین ملک اور آسیہ اندرابی جیسے وادی کشمیر کے رہنمائوں کو من گھڑت مقدمات کے تحت برسوں سے سلاخوں کے پیچھے رکھا گیا ہے۔ ایک تجزیہ کار نے کہاکہ وانگچک کا کیس منظر عام پر آنے سے ایک بارپھر بھارت میں دانشمند لوگوں کو دہشت گرد قرار دے کر خاموش کرنے کے رحجان کی عکاسی ہوتی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button